Majlis e Fiqhi

تاسیسی پس منظراور مقصد

اہل علم بخوبی واقف ہیں کہ موجودہ دور میں سائنسی ، اقتصادی ، تکنیکی ترقیات کا انقلاب برپاہونے، اور آئے دن نت نئے مسائل  کے ہجوم کی وجہ سے نئے مسائل میں اجتماعی غور و فکر کی ضرورت بہت بڑھ گئی ہے، نئے مسائل میں عوام وخواص خصوصا دینی رجحانات کا حامل طبقہ واضح شرعی رہنمائی ورہبری کا خواہاں ہوتا ہے، اس لئے بہت سے مسائل میں اجتماعی غور و فکر کی ضرورت مزید بڑھتی ہی جا رہی ہے،حدیث نبوی کے مطابق  ایسے جدید مسائل میں اہل علم کی ذمہ داری ہے کہ انفرادی رہنمائی کے مقابلہ میں اجتماعی رہنمائی فراہم کرنے کی کوشش کریں، اسی ضرورت کو سامنے رکھ کر تلنگانہ و آندھرا کے چند فکر مند اہل علم و افتاء نے ’’مجلس فقہی تلنگانہ و آندھرا‘‘ کی بناء رکھی تاکہ اس میدان کے تقاضوں کو پورا کرنے میں حصہ لیں ، اور نئے پیش آمدہ مسائل میں اجتماعی غور و فکر کے ذریعہ عوام الناس کی رہنمائی کی جائے۔ 

اسی کے ساتھ ایک اہم غرض یہ بھی ہے کہ فقہ و تحقیق کے میدان کے شہسواروں کے لئے تحقیق و اجتماعی غوو فکر کا اپنی بساط بھر ایک بااعتماد پلیٹ فارم فراہم کیاجائے،اور اس پلیٹ فارم کے ذریعہ سے علاقہ میں فقہ و تحقیق کے ماہرین کی تیاری اور تربیت کا دروازہ بھی کھل  جائے، نوفارغ مفتیان کرام کو بھی ان مجالس میں شرکت کرکے محققین کے نہج کو جان کر تحقیق کا رخ ملے ، اہل علم کی اور تشنگان علم کی رہنمائی ہو ، اور رجال سازی کا اہم فریضہ بھی انجام پائے۔

الحمد للہ اواخر ۲۰۲۱ سے مجلس فقہی تلنگانہ و آندھرا کا سفر شروع ہوا، مجلس کی ابتدائی نشستوں کے علاوہ ۱۵؍ڈسمبر ۲۰۲۱  کو باقاعدہ مجلس کا پہلا فقہی اجتماع دار العلوم حیدرآباد (شیورام پلی ) میں منعقد ہوا، اور حال ہی میں مجلس کا گیارہواں فقہی اجتماع ۱۴؍ مئی ۲۰۲۴ ءکو منعقد ہواتھا،ان سیمیناروں میں دونوں ریاستوں کے مؤقر دار الافتاؤں کے مفتیان کرام شامل رہے، اور نہایت اہم موضوعات پر ملت کی رہنمائی کی، جس کو ملک کے اکابر علماء کرام نے سراہا اور قدر کی نگاہ سے دیکھا۔ 

Contact Us
Scroll to Top