Majlis e Fiqhi

مجلسِ فقہی تلنگانہ وآندھرا کے ذمہ داران اکابر مفتیان عظام کا تین روزہ دورہ رائلسیما آندھراپردیش

مجلس فقھی کے تعارف ، علمی مذاکرے اور اربابِ علم سے تبادلۂ افکار کا خصوصی پروگرام

 

عصرِ حاضر میں پیش آمدہ فقہی مسائل کے سلسلے میں باہمی مشاورت، اہلِ علم کے مابین ربط و تعلق اور علمی و تحقیقی کاوشوں کو منظم خطوط پر آگے بڑھانے کے مقصد سے مجلسِ فقہی تلنگانہ وآندھرا کے اراکین کا تین روزہ دورۂ رائلسیما آندھرا طے پایا ہے.یہ سفر 8، 9 اور 10 ستمبر 2026ء، بروز منگل، چہارشنبہ اور جمعرات کو ہوگا۔ اس موقع پر مجلسِ فقہی سے وابستہ علماء و مفتیانِ کرام رائلسیما آندھرا کے مختلف علمی مراکز کا دورہ اورحضرات اہلِ علم سے ملاقاتیں کریں گے۔اس دورے کا امتیاز محض باہمی ملاقات یا رسمی تعارف تک محدود نہیں، بلکہ اس کے پسِ پشت ایک واضح علمی مقصد کارفرما ہے۔ مجلسِ فقہی تلنگانہ وآندھرا کے تعارف، اس کے علمی مقاصد و طریقۂ کار سے علماء کرام کو واقف کرانے، عصری و فقہی مسائل پر علمی مذاکرہ کرنے اور اہلِ علم کے درمیان افکار و آرا کے تبادلے کے لیے یہ سفر ترتیب دیا گیا ہے۔
موجودہ دور میں نت نئے حالات کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل کی نوعیت روز بروز وسعت پذیر ہے؛ ایسے میں فقہی بصیرت کے ساتھ اہلِ علم کا باہمی ربط، ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ اور اجتماعی غور و فکر کی فضا قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مجلسِ فقہی کا یہ دورہ اسی احساسِ ضرورت کی عملی ترجمانی ہے، جس کے ذریعے مختلف علاقوں کے علماء و مفتیانِ کرام کے درمیان علمی تعلق کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ علمی کاوشوں کے امکانات کو مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔دورۂ رائلسیما آندھرا کے دوران مجلس فقھی کے اکابر مقامی علماء کرام سے ملاقات، علمی نشستوں اور فقہی موضوعات پر مذاکرے میں شرکت کریں گے، نیز مجلس فقھی کے آئندہ علمی منصوبوں اور اس کے دائرۂ کار کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال ہوگا۔اس تین روزہ علمی سفر میں مجلسِ فقہی تلنگانہ وآندھرا کے درج ذیل علماء کرام شریک ہوں گے

حضرت مولانامفتی محمد جمال الدین صاحب قاسمی مدظلہ

  صدر مفتی دارالعلوم حیدرآباد

  حضرت مفتی محمد تجمل حسین صاحب قاسمی مدظلہ
استاذ حدیث دارالعلوم حیدرآباد
 حضرت مفتی محمد شاہد علی صاحب قاسمی مدظلہ
صدر مفتی المعھد العالی الاسلامی حیدرآباد
حضرت مولانا سید نذیر احمد یونس صاحب قاسمی مدظلہ
ناظم مجلس فقہی تلنگانہ وآندھرا
 حضرت مفتی محمد انعام الحق صاحب قاسمی مدظلہ
صدر محکمہ شرعیہ حیدرآباد
حضرت مفتی مشہود الدین صاحب قاسمی مدظلہ
استاذ حدیث ادارہ اشرف العلوم ٹرسٹ
حضرت مفتی میر رضوان اللہ صاحب قاسمی مدظلہ
صدر مفتی جامعہ احیاء العلوم حیدرآباد

امید ہے کہ یہ دورہ اہلِ علم کے درمیان باہمی تعاون و ارتباط کے فروغ، علمی مذاکروں کے تسلسل اور فقہی و تحقیقی میدان میں آئندہ کی مشترکہ سرگرمیوں کے لیے مفید اور مؤثر ثابت ہوگا۔
والسلام
مفتی عبدالمقتدر مسعود قاسمی
ترجمان مجلس فقہی تلنگانہ وآندھرا

Contact Us
Scroll to Top